کراچی: (سچ نیوز) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سانحہ بارہ مئی کی جس طرح پیروی ہونی چاہیے، ویسے نہیں ہوئی۔ اس دن ریاستی دہشتگردی ہوئی تھی۔ چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتا ہوں سانحہ بارہ مئی کے حوالے سے ازخود نوٹس لیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویثرن کی جانب سے پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ میں سانحہ بارہ مئی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ بارہ مئی کو جو کچھ ہوا، اس کے سب گواہ ہیں۔ بارہ مئی کو تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ اس دن ریاستی دہشتگردی ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے بے تحاشا نوٹس لیے لیکن انہوں نے بارہ مئی کیس کا نوٹس نہیں لیا۔ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سانحہ بارہ مئی کا نوٹس لیا جائے۔