اسلام آباد (سچ نیوز)وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ وزی اعظم عمران خان اپنا خصوصی طیارہ استعمال نہیں کر سکیں گے جبکہ وزیر اعظم ، چیف جسٹس ، چیئرمین سینٹ کو فرسٹ کلاس میں سفر کی سہولت بھی ختم کردی گئی ہے۔
جیونیوز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم خصوصی طیارہ استعمال نہیں کریں گے، جن لوگوں کو بھی فرسٹ کلاس کی سہولت تھی وہ بھی ختم کر دی گئی ہے کیونکہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ بادشاہوں کی طرح پیسہ خرچ کرنے کا رواج ختم ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنا فرسٹ کلاس میں سفر کرنے کا اختیار بھی سلب کر لیا ہے اور اب وہ کلب کلاس میں سفر کریں گے۔اس کے ساتھ ہی صدر ، چیف جسٹس ، چیئرمین سینٹ سے بھی یہ سہولت واپس لے لی گئی ہے ۔