اسلام آباد (سچ نیوز)پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کے جن لوگوں پر کرپشن کے الزامات ثابت ہوئے ہیں وہ اس وقت جیل میں بھی موجود ہیں لیکن مسلم لیگ ن کے کئی لوگ ملک سے بھاگے ہوئے ہیں۔سماءنیوز کے پروگرام ”نیوز بیٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفی نوازکھوکھر نے کہا کہ پشاور میٹر و پاکستان کی سب سے مہنگی میٹروہے اور یہ ابھی تک شروع ہی نہیں ہوسکی ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کابیانیہ تحریک انصاف کا سب سے بڑا بیانیہ ہے لیکن پہلے ہم کو کے پی کے میں احتساب دکھا دیں! انہوں نے کہا کہ سزا ءاور جزا ءکا تصور ہونا چاہئے، احتساب سب کاہونا چاہئے اور بلا تفریق ہوناچاہئے ۔ اس ملک میں ججز ، جرنیلز اور بیورو کریسی کا کوئی احتساب نہیں ہے ۔ہر اس شخص کا احتساب ہونا چاہئے جس کے پاس ٹیکس دہندگان کا پیسہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے جے آئی ٹی پر ہمارے تحفظات کو سپریم کورٹ نے بھی تسلیم کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جن لوگوں پر کرپشن کے الزامات ہیں وہ اس وقت جیل میں بھی موجود ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے کئی لوگ ملک سے بھاگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں ابھی منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی بلکہ تحقیقات ہورہی ہیں۔