اسلام آباد: (سچ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ بتایا جائے وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے ملاقات کا ایجنڈا کیا ہے، آئی ایم ایف شرائط پہلے ہی پوری ہو چکیں، عوام پر مہنگائی بم گرایا جا چکا ہے، اب ملاقات کا ڈرامہ کیوں کیا جارہا ہے۔ کیا کوئی نیا پیکج زیر غور ہے اگر ایسا ہے تو شرائط کیا ہیں۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی آئی ایم ایف کی سربراہ سے ملاقات کے حوالے سے ردعمل میں کہا ہے کہ پہلی حکومت ہے جس نے چور دروازے سے آئی ایم ایف شرائط پر پیشگی عمل کیا۔ وزیرِ خزانہ کہہ چکے حکومت نے آئی ایم جانے سے پہلے ہی شرائط مان لیں ہیں، آئی ایم ایف پیکج سے پہلے ہی عوام پر مہنگائی بم گرچکا، روپے کی قدر میں پینتیس فیصد سے زائد کمی کی گئی۔ بجلی، گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ پہلے کیا جا چکا ہے، حکومت ہر سبسڈی بشمول حج ختم کرچکی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قوم کو بتایا جائے کہ اب کون سی مزید شرائط طے کی جا رہی ہیں۔ ملاقات کے بعد قوم کومزید مہنگائی کی چکی میں پیسنے کی تیاری کی جاری ہے۔ بتایا جائے کہ اب ڈالر کس ریٹ پر ملے گا۔ قوم کے سامنے سچ کے وعدے کرنے والے تمام کام خفیہ کررہے ہیں۔