راولپنڈی: ( روزنامہ سچ ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرکاری دورہ اٹلی کے دوران اطالوی وزیرِ دفاع، چیف آف آرمی سٹاف اور سیکرٹری جنرل دفاع سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ملاقاتوں میں سیکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ جیت کر مشکل صورتحال سے مزید مضبوط ہوکر نکلا، پُرامن پاکستان کے دروازے دنیا کیلئے کھلے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بے مثال جذبے اور قوم کی حمایت سے دہشگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ملی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس جنگ میں شہدا اور غازیوں کے اہلخانہ کا مکمل تعاون بھی حاصل رہا۔ پاکستان اس مشکل صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر نکلا اور اب پُرامن پاکستان کے دروازے دنیا کیلئے کھلے ہیں۔
اٹلی کی قیادت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اٹلی آپس میں تعاون کے تحت مشترکہ مفادات حاصل کر سکتے ہیں۔ پاکستانی سپہ سالار کو اٹلین فوج کی زمینی اور بحری دفاعی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی کر کے دکھایا گیا۔
آرمی چیف نے اٹلی کی دفاعی صنعت کے نمائندوں اور اٹلی میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقات کی۔ آرمی چیف برطانیہ اور اٹلی کے دورے کے بعد آج رات پاکستان پہنچیں گے۔