نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں ایک راہزن نے کئی ماہ سے پولیس کی نیندیں اڑا رکھی تھیں جو موٹرسائیکل پر سوار ہو کر راہ چلتی خواتین کے گلے سے سونے کی چینز اور پرس وغیرہ چھین کر فرار ہو جاتا تھا۔ بڑے جتن کرنے کے بعد بالآخر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا اور جب تھانے لائے تو اور اس کی شناخت کی تو وہ ایسا شخص نکلا کہ سب سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کئی ماہ تک پولیس کو ناکوں چنے چبوانے والا یہ شخص خود بھی پولیس کا ملازم نکلا تھا۔جب اسے تھانے لا کر اس کی معلومات حاصل کی گئیں تو پتا چلا کہ یہ 33سالہ یوگیش شینگرے ہے جو انڈین ریزرو بٹالین کا اہلکار ہے۔ وہ گزشتہ پانچ سال سے پولیس میں ملازمت کر رہا تھا اور حتیٰ کہ اس کی رہائش بھی انڈین ریزرو بٹالین کے کوارٹرز میں تھی۔اسے گرفتار کرنے والے سیتارا پولیس سٹیشن کے سینئر انسپکٹر پرمیشگر چندرامور کا کہنا تھا کہ ”شینگرے نے اعتراف کر لیا ہے کہ وہ اب تک درجنوں خواتین کو لوٹ چکا ہے۔ اس نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ واردات کے فوری بعد آئی آر بی کیمپ چلا جاتا تھا تاکہ اس پر کوئی شک نہ کرے۔“