لاہور: (سچ نیوز) سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، چودھری پرویز الہیٰ کیساتھ بہت اچھا ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پولیس ریفارمز ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہے اور اسے ہم کر کے دکھائیں گے، اس حوالے سے کمیٹی بنائی ہوئی ہے۔ عمران خان کی سربراہی میں پاکستان ترقی کرے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کو مثالی صوبہ بنا کر دکھائے گی۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اچھے آدمی ہیں، ہم سب ان کی ٹیم کا حصہ ہیں، ہم نے عہدوں کے لیے نہیں بلکہ ملک میں تبدیلی کے لیے عمران خان کا ساتھ دیا تھا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے خراب حالات کے ذمہ دار سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہیں، انہوں نے صحت عامہ پر توجہ دینے کے بجائے میٹرو اور اورنج لائن پر دی، اب ان کے دور میں لگائے گئے بڑے پروجیکٹ سفید ہاتھی بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت اگر خراب ہے تو ہماری دلی ہمدردی ہے، قانون کے مطابق نواز شریف کو تمام حقوق دیں گے۔