پشاور: (سچ نیوز) خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں ولیمے والے روز دولہا قتل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود چغل پورہ میں فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں دولہا عابد جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کی اصل وجہ شادی کے دوران مستورات کی ویڈیو اور تصاویر بنانے پر ہوئی، دولہے عابد کا آج ولیمہ تھا۔ ملزمان کی شناخت شہزاد، شبیر اور شاہ فہد کے نام سے ہوئی جن میں سے ایک مقتول کا بہنوئی ہے۔ مقتول کے اہل خانہ کے مطابق شادی کی تقریب میں خواتین کی ویڈیو اور تصاویر بنانے پر جھگڑا ہوا جس پر یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی فقیر آباد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔