پشاور: (سچ نیوز) خیبر پختونخوا کا محکمہ اوقاف مال مفت دل بے رحم بن گیا، محکمے کی 64 ہزار کنال اراضی میں 49 ہزار سے زائد پر قبضہ مافیہ مزے لوٹنے لگی۔
محکمے کی اراضی پر نہ صرف سرکاری قابض ہے بلکہ وفاقی وزیر نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے، موصوف وزیر نے ڈی آئی خان میں قبرستان کے لیے 365 کنال اراضی لی جس میں 191 کنال اراضی کی ادائیگی صوبائی حکومت کو تو کر دی لیکن باقی ماندہ 23 کروڑ اب بھی بقایا ہیں۔
محکمے کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں 64 ہزار 817 کنال اراضی موجود ہے، جس میں سب سے زیادہ 49 ہزار 161 کنال پر قبضہ مافیہ مزے لوٹ رہی ہے۔ سرکار کے پاس 1450 کنال جبکہ 13 ہزار 756 کنال کیسز کی نظر ہوگئی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ محکمہ غریب ہے، سرکاری اداروں کی مجرمانہ خاموشی محکمہ اوقاف کے لیے مزید تباہی کا سبب بن رہی ہے۔
محکمہ اوقاف کو خسارے سے نکالنے کےلیے صوبے میں مزارات کو بھی قبضہ مافیہ سے بچانے کے لیے پلان تیار کیا جا رہا ہے۔