اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں یکساں بلدیاتی نظام لانے کیلئے گرین سگنل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے گا اور فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔
اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں مشاورت مکمل کرتے ہوئے صوبہ پنجاب اور خیبر پختوانخوا میں یکساں بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم کے زیرِ صدارت اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں انھیں ملک کی معاشی صورتحال معاشی، امن وامان، سعودی وفد سے مذاکرات اور نئے بلدیاتی نظام پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیرِ بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان نے نئے بلدیاتی نظام کی سفارشات سے آگاہ کیا جس کے بعد مشاورت مکمل کرتے ہوئے صوبہ پنجاب اور خیبر پختوانخوا میں یکساں بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں مقامی حکومتوں کے نظام کا مقصد سٹیٹس کو کا خاتمہ ہے، عوامی نمائندے اپنی تمام تر توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز کر سکیں گے۔
وزیرِاعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل عوام کی دہلیز پر حل کریں گے، گورننس اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے گا اور مقامی حکومتوں کو فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ اطلاعات فواد چودھری، شہریار آفریدی، مراد سعید، علی محمد خان، عبدالعلیم خان، نعیم الحق اور افتخار درانی بھی شریک ہوئے۔