لاہور: (سچ نیوز) نیب نے پاک عرب ہاؤسنگ سکیم سکینڈل میں سوسائٹی کے مالک عمار گلزار کو گرفتار کر لیا، ملزم پر غیر قانونی بلاک بنا کر شہریوں کو لوٹنے کا الزام ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاک عرب ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالک عمار گلزار کو گرفتار کر لیا ہے۔ عمار گلزار کو ان کے گھر سے نیب نے گرفتار کیا۔ عمار گلزار پاک عرب ہاﺅسنگ سکیم سکینڈل میں ملوث تھا۔
ذرائع کے مطابق پاک عرب سوسائٹی انتظامیہ نے مبینہ جعلسازی سے 1500 کنال کے بجائے کاغذوں میں 52 سو کنال زمین شہریوں کو فروخت کر دی تھی۔ ایف ون، ٹو، تھری، سی پرل اور دیگر غیر قانونی بلاک بنا کر شہریوں کو لوٹا گیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق نیب حکام نے ایل ڈی اے سے سوسائٹی کا تمام ریکارڈ حاصل کیا تھا۔ متاثرین کی جانب سے انصاف کے لئے احتجاج بھی کیا تھا۔
سینیٹر گلزار مرحوم کے بیٹے عمار نے مبینہ طور پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ کے ساتھ مل کر شہریوں کو سستے پلاٹ دینے کا جھانسہ دے کر اربوں روپے لوٹے تھے۔ نیب نے جب تحقیقات کا آغاز کیا اور ریکارڈ حاصل کیا تو معلوم ہوا کہ ایک پلاٹ 3 سے 4 افراد کو فروخت کیا گیا۔