واشنگٹن(سچ نیوز) پاکستان کا مطالبہ تھا کہ بھارت غیرملکی صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دے تاکہ وہ اصل صورتحال دنیا کو دکھا سکیں مگر بھارت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی تھی۔ اب یہی مطالبہ بھارت سے امریکہ کے 6قانون سازوں نے کر دیا ہے۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق امریکہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے ساﺅتھ اینڈ سنٹرل ایشیاءسمیت 6قانون سازوں نے امریکہ میں تعینات بھارتی سفیر ہرش وردھن شرنگلا کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت غیرملکی صحافیوں اور امریکی کانگریس مین کو کشمیر میں جانے کی اجازت دے۔امریکی اراکین کانگریس نے اس خط میں لکھا ہے کہ ”بھارت کشمیر کی جو تصویر دنیا کو دکھا رہا ہے وہ ہمارے نمائندوں کی دی جانے والے اطلاعات سے یکسر مختلف ہے۔ چنانچہ حقائق جاننے کے لیے صحافیوں اور اراکین کانگریس کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے۔“یہ خط اراکین کانگریس ڈیوڈ این سسلین، ڈینا ٹیٹس، کرِسی ہولاہین، اینڈی لیوین، جیمز پی مک گوورن اور سوزان وائلڈ کی طرف سے لکھا گیاہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز امریکہ نے بھارت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کشمیر کی سیاسی اور معاشی صورتحال نارمل کرنے کا روڈ میپ بتائے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔