نئی دہلی (سچ نیوز)پاکستان کو مبینہ طور پر میزائل کی حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں بھارت نے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے ملازم کو حراست میں لے لیا،حساس ادارے کے ملازم پر الزام ہے کہ اس نے جوہری صلاحیت کے حامل براہ موس کروز میزائل کی معلومات پاکستان کو فراہم کیں اور انہیں حراست میں لے کر اس حوالے سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملزم کے قبضے سے کچھ مشکوک مواد بھی برآمد ہوا ہے جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شبے کو تقویت ملتی ہے،مذکورہ شخص کی شناخت نشانت اگروال کے نام سے ہوئی ہے جسے اترپردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ اور ملٹری انٹیلی جنس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور سے گرفتار کیا جبکہ اس سلسلے میں پولیس نے بھی ان کی معاونت کی،نشانت ناگپور کے قریب براہ موس پروڈکشن سینٹر میں گزشتہ چار سال سے ملازمت کر رہے ہیں اور بھارتی تحقیقاتی اداروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ انہوں نے براہ موس میزائل کے حوالے سے خفیہ معلومات اور تکنیکی ڈیٹا پاکستان کو فراہم کیا،آخری اطلاعات تک پولیس نے اس کام میں ان کی معاونت کرنے والوں کی گرفتار کے لیے چھاپے مارنے شروع کردیے تھے۔