اسلام آباد (سچ نیوز) دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر )عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پاکستان کواب الگ اور خود مختار رہنے کی عادت ہونا بہت ضروری ہے ، امریکہ سی پیک کے خلاف ہے ۔
جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “ میں گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر )عبدالقیوم نے کہا کہ امریکہ سی پیک کے خلاف ہے اور جب امریکہ پاکستان سے یہ کہتاہے کہ ہم افغانستان میں کلیدی کردار ادا کریں اور ہم یہ کہتے ہیں کہ مشرقی بارڈر پر ہمیں سہولت ملے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم افغانستان میں کارروائیاں کریں بلکہ اس کا مطلب ہے کہ اگر ہم کو مشرقی سرحد پر سہولت ملی تو ہم اپنے مغربی بارڈر کا انتظام بہتر طریقے سے کرنے کے قابل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف 23ار ب ڈالر خرچ کئے ہیں اور امریکہ نے ہم کوصرف 14ارب ڈالر دیئے ہیں۔پاکستا ن کو اب الگ اور خودمختار رہنے کی عادت بہت ضروری ہے اور اس کے علاوہ ہمارے تمام طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں توازن ہونا چاہئے ۔