لاہور(سچ نیوز)لاتعداد مقبول ہندوستانی فلموں کے رائٹر خالد اعظمی نے پاکستان کے مشہور فلمی ہیرو فواد خان کو بالی وڈ کے تینوں ’’ خانز‘‘ سے بڑا اداکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ایسے فنکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے جو اپنی اداکاری سے کسی کو بھی اپنا دیوانہ بنا سکتے ہیں۔ واہگہ کے راستے اپنی اہلیہ کے ہمراہ نجی دورے پر لاہور پہنچنے والے خالد اعظمی نے نجی ٹی وی ’’ایکسپریس نیوز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جہاںپاکستانی پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے کی پابندی کے جلد ختم ہونے کی خبر سنائی وہیں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اختلاف کو سیاسی داؤ پیچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے ملنا چاہتے ہیں،دونوں ممالک کے تعلقات اس نہج پر پہنچانے میں میڈیا کا کردار بھی منفی رہا ہے جو ہمیشہ ایشوز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو بین کرنے میں مودی سرکار کا کوئی کردار نہیں ہے، بالی ووڈ کی ایک چھوٹی سی تنظیم کی جانب سے یہ کوشش کی گئی تھی لیکن اکثریت اس کے حق میں نہیں ہے اور آج بھی پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے گیت بھارتی فلموں میں شامل کئے جارہے ہیں۔خالد اعظمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ایسے فنکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے جو اپنی اداکاری سے کسی کو بھی اپنا دیوانہ بنا سکتے ہیں، فواد خان ، شان ، جاوید شیخ اور بہت سے فنکار بہترین اداکار ہیں،ان کی جاندار اداکاری کسی سے کم نہیں ہے۔خالد اعظمی نے کہا کہ پاکستانی فلموں کی تعداد اور معیار میں اضافہ ہورہا ہے اور مولاجٹ کے ٹریلر کو دیکھ کر یہ محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی فلم اب بالی وڈ نہیں بلکہ ہالی وڈ کے لیول کو چھو رہی ہے، نوجوان فلم میکر امریکہ اور برطانیہ سے فلمسازی کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد فلمیں بنا رہے ہیں جس کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں نوجوان نسل فواد خان کی بڑی پرستار ہے،دو سال مسلسل کام کرتے تو تین میں سے کسی ایک خان کی جگہ ان کی ہوتی، بطور رائٹر پاکستان کے فلم میکرز کے ساتھ کام کر رہا ہوں اور کچھ کہانیاں لکھ رہا ہوں،اس لئے بہت جلد میرا کام پاکستان کی بڑی سکرین پر دکھائی دے گا۔