سڈنی (سچ نیوز ) پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں عملدرآمد رپورٹ پیش کر دی ، پہلی دفعہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کے عملدرآمد اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ، منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق سڈنی میں جاری ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان نے عملدرآمد رپورٹ پیش کر دی ۔ پاکستان کے اقدامات پر پہلی بار ایف اے ٹی ایف کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیاگیا ۔ اجلاس کو منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں 1267 اور 1373 پر عملدرآمد رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی ۔ ان قراردادوں میں دہشتگردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے اقدامات کے لئے کہاگیا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ بینکنگ نظام کو بہتر کیا اور اس میں مزید بہتری لا رہے ہیں ۔ نئی حکومت نے ایسے اقدامات اٹھائے جن کا ایف اے ٹی ایف تقاضا کرتا رہا ۔واضح رہے کہ آئندہ ماہ پیرس میں ایف اے ٹی ایف کا اجلاس ہوگا جس میں رپورٹ کا مزید جائزہ لیا جائے گا ۔ اس کے بعد مئی کے مہینے میں ایف اے ٹی ایف کا ایک اور اجلاس سری لنکا یا سڈنی میں ہوگا ۔مئی کے اجلاس تک پاکستان کو مزید 26 نکات پر عملدرآمد کرنے کا کہا گیا تھا ۔ مئی میں ہونے والے اجلاس میں ستمبر کے اجلاس کے لئے سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔