نیویارک(سچ نیوز) ماضی میں وزیراعظم عمران خان امریکی ڈرون حملوں کے خلاف سخت احتجاج اور انہیں روکوانے کی تگ و دو کرتے رہے ہیں۔ اب وہ لگ بھگ ایک سال سے پاکستان کے وزیراعظم ہیں اور یہ سن کر تحریک انصاف کے حامی خوش ہو جائیں گے کہ اس ایک سال میں پاکستان میں ایک بھی امریکی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ ویب سائٹ newamerica.org کے مطابق 4جولائی کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے کہ جس کے دوران پاکستان میں کوئی ڈرون حملہ نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آخری امریکی ڈرون حملہ 4جولائی 2018ءکو رپورٹ ہوا تھا۔ اس حملے میں طالبان کے حافظ گل بہادر گروپ کے سربراہ قاری عبداللہ داوڑ مارے گئے تھے۔ انہیں شمالی وزیرستان کے علاقے طور تنگئی میں ڈرون سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک پاکستان میں امریکی فوج کی طرف سے کوئی ڈرون حملہ نہیں کیا گیا۔