پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بھارت کے یوم جمہوریہ پر کشمیریوں کا یوم سیاہ

سرینگر: (سچ نیوز) مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں کشمیری بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، وادی میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کی جمہوریت مقبوضہ کشمیرمیں بری طرح بے نقاب ہو گئی، امریکی معاون نائب وزیرخارجہ نے بھی وادی کے حالات پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے کیخلاف کشمیری بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانے کیلئے سراپا احتجاج ہیں، کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں جس کا مقصد بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف پیغام دینا ہے۔ بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے قتل عام نے بھارتی جمہوریت کے حقیقی چہرے کوبے نقاب کر دیا۔ سب سے بڑی جمہوریت کے دعوے دار ملک نے جمہوری آواز کا گلا دبا رکھا ہے۔ دیگرکشمیری رہنماؤں نے بھی اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایک طرف تو بھارت اپنا یوم جمہوریہ مناتا ہے اور دوسری طرف کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم کر رکھا ہے۔

مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پر امریکا نے بھی شدید تحفظات کا اظہارکیا ہے، معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ بغیر کسی الزام میں قید کشمیری قیادت کو جلد از جلد رہا کرے۔ ایلس ویلز نے امریکی سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیر میں باقاعدہ طور پر رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں گھر گھرتلاشی کے دوران قابض فورسز نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو شہید کردیا۔

Exit mobile version