ٹورنٹو (سچ نیوز) کینیڈین پارلیمینٹ کے ممبر رمیش سنگھا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بحالی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک اپنے عوام کے مفاد میں مسائل کا حل نکالیں اور امن و محبت سے رہیں، عمران خان کی جانب سے دورہ امریکہ کے دوران مسائل کے حل کی بات کرنا بہت خوش آئند ہے۔ رمیش سنگھا پاکستان کے شہر اوکاڑہ میں پیدا ہوئے اور صرف ایک سال کے تھے کہ ہندوستان تقسیم ہو گیا اور وہ بھی اپنے خاندان کیساتھ بھارت منتقل ہو گئے جہاں وہ جالندھر میں رہے اور انڈین ائیرفورس میں نوکری کے دوران مختلف اوقات میں تقریباً پورے بھارت میں ہی تعینات رہے۔انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم خوشگوار حل چاہتے ہیں اور میری خواہش ہے کہ پیار کا رشتہ بنتا رہے اور ہر ایک کو خوشی سے جینے کا پورا حق ملے۔ ایسی خوشی جو بھائی کو بھائی سے، خاندان کو خاندان سے، پڑوسی کو پڑوسی سے اور کسی ملک کو دوسرے ملک سے ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے بھارت اور پاکستان کافی دیر سے تعلقات اچھے نہیں بنے، اس کی وجہ کیا ہے؟ اس سے قطع نظر تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کرنی چاہئے کیونکہ کوشش ہی ایک ایسا ’اوزار‘ ہے جس کے ذریعے تعلقات بہتری کی جانب لے جائے جا سکتے ہیں اور ایسا حل نکالا جائے جس سے سب کا بھلا ہو۔انہوں نے کہا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میں اوکاڑہ میں پیدا ہوا، پھر جالندھر میں رہا اور انڈین ائیرفورس میں نوکری کے دوران سارے ہندوستان میں رہا اور گزشتہ 25 سال سے یہاں کینیڈا میں بیٹھا ہوں اور اس ملک کی خدمت کر رہا ہوں کیونکہ یہ میرا ملک ہے اور یہاں میری جان ہے، میرا سب کچھ ہے لیکن سب کچھ ہوتے ہوئے بھی ہم پیچھا نہیں چھوڑتے، پیار سب کے ساتھ ہوتا ہے، ہمارے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا نعرہ ہے کہ سب کیساتھ خوشگوار تعلقات رکھیں، اختلافات کہاں نہیں ہوتے بلکہ ایک دوسرے کیساتھ اختلافات نہ ہوں تو وہ زندگی نہیں لیکن اختلافات ہونے کے باوجود بھی ہم مل جل کر اور ہنسی خوشی رہ سکتے ہیں۔