اسلام آباد (سچ نیوز) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قانون اور احتساب سےمتعلق معاہدہ طے پاگیا ہے جس کا مقصد مختلف جرائم کے خاتمے کے لیے تعاون کرنا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر قانون فروغ نسیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا کہ میرے والدین پاکستانی ہیں اور پاکستان میرے دل کے قریب ہے، فخر ہے کہ اس وقت 12 پاکستانی نژاد برطانوی پارلیمنٹ کے رکن ہیں، وزیراعظم عمران خان کو حکومت سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، برطانیہ پاکستان کا بہترین قابل اعتماد دوست ہے۔
’’کرپشن کا خاتمہ پاکستان اور برطانیہ کی ترجیح ہے ‘‘
برطانوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزیر قانون سے مثبت بات چیت ہوئی، گرے لسٹ کی فہرست سے نکالنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کررہے ہیں، کرپشن کا خاتمہ پاکستان اور برطانیہ کی ترجیح ہے۔ قانون کی حکمرانی اور احتساب کاعمل چاہتے ہیں۔
’’ معاہدے کا مقصد ملک سے لوٹی گئی دولت واپس لانا ہے ‘‘
اس موقع پر فروغ نسیم نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے تدارک کے لیے پاکستان اوربرطانیہ نیا پروگرام لانچ کررہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ کسی ایک فرد کے لیے نہیں بلکہ وسیع پیمانے پر کیا گیا ہے، اسحاق ڈار سے متعلق ابھی کوئی بات پبلک نہیں کرسکتے، برطانوی وزیر داخلہ کے ساتھ کسی انفرادی کیس پربات نہیں ہوئی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ معاہدے کا مقصد ملک سے لوٹی گئی دولت واپس لانا ہے، ملزمان کے تبادلے کے معاہدے کی بھی تجدید کریں گے۔
اس سے قبل دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی وزیرِداخلہ ساجد جاوید نے ملاقات کی۔ ساجد جاوید اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچے تو شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، انسداد دہشت گردی، منی لانڈرنگ اور اثاثوں کی واپسی پر تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے موجودہ تاریخی تعلقات کو کثیرالجہتی اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت پرزوردیا جب کہ برطانوی وزیرِداخلہ ساجد جاوید نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت آگے بڑھانے کی برطانوی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا۔