اسلام آباد: (سچ نیوز) پاکستانی حکام نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے قوانین میں مجوزہ ترامیم پر بریفنگ دی۔ وفد ایف آئی اے، ایف بی آر، نیب، ایس ای سی پی اورانٹی نارکوٹکس فورس کے اقدامات کا بھی جائزہ لے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ایف اے ٹی ایف وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی سزائیں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قوانین میں ترامیم کابینہ سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ سے منظور کرائی جائینگی۔ ترامیم کے بعد پاکستان دوسرے ممالک کو درکار معلومات بھی فراہم کر سکے گا۔
گیارہ روزہ دورے کے دوران ایف اے ٹی ایف کی ٹیم ایف آئی اے، ایف بی آر، نیب، ایس ای سی پی اورانٹی نارکوٹکس فورس کے اقدامات اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لے گی۔
وفد انیس اکتوبر تک پاکستان میں رہے گا جس کے بعد پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا پھر بلیک لسٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔