اسلام آباد: (سچ نیوز) ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر سے دبئی میں ملاقات کریں گے، کرسٹینا لاگراڈ چوتھے عرب اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے دبئی میں ہیں۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اعلیٰ سطح کی بات چیت کل ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر اور کرسٹینا لاگراڈ کی ملاقات میں پاکستانی معیشت پربات چیت ہوگی۔
ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے مسلسل رابطے میں ہے، وزارت خزانہ آئی ایم ایف سے معاشی اور اصلاحات پر ہر ہفتے وڈیو کانفرنس ہوتی ہے اور آئی ایم ایف سے تعمیری بات چیت جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق معاشی اصلاحات آئی ایم ایف کی نہیں پاکستان کی ضرورت ہیں اور خسارے میں کمی کا فائدہ آئی ایم ایف کی نہیں پاکستان کو ہونا ہے۔
ترجمان وزارت خزانہ خاقان نجیب نے کہا کہ پاکستان کے لیے بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہو رہا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور تجارتی خسارہ کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ مالی امداد کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور 7 نومبر سے 20نومبر تک ہوا جو کہ بے نتیجہ رہا تھا۔