اسلام آباد(سچ نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان نئے سرے سے تعلقات اور مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
نجی ٹی وی چینل” جیو نیوز“ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ افغانستان کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے،پاکستان اور افغانستان کا جلال آباد میں قونصل خانہ دوبارہ آپریشنل کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور ہم منصب سے ملاقات کی،وزیر خارجہ نے افغان قیادت کو خیر سگالی کا پیغام پہنچایا، دونوں ممالک نے جوائنٹ اکنامک کمیٹی اور افغانستان پاکستان ایکشن پلان پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا،دونوں ملکوں نے جلال آباد قونصل خانے کی سیکیورٹی کے معاملات جلد حل کرنے پر اتفاق کیا اور قونصل خانہ دوبارہ آپریشنل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچنے پر افغان وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا جس کے بعد وزیر خارجہ افغان صدارتی محل روانہ ہوگئے،وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں شاہ محمود قریشی افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے۔