لندن (سچ نیوز) وزارت تجارت کے سابق ڈائریکٹر اور ٹڈاپ سکینڈل کے مرکزی کردار فرحان جونیجو اور ان کی اہلیہ کی برطانیہ میں گرفتاری ایف آئی اے کی درخواست پر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ٹڈاپ سکینڈل میں اربوں روپے کا غبن ہوا اور رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی گئی۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر تجارت مخدوم امین فہیم مرحوم کا نام بھی ٹڈاپ سکینڈل میں ہے اور فرحان جونیجو کو امین فہیم مرحوم کا مبینہ فرنٹ مین بھی بتایا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے ٹڈاپ سکینڈل کی تحقیقات میں مصروف ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے انٹرپول کے ذریعے ریڈوارنٹ جاری کروائے تھے جن پر عمل کرتے ہوئے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے دونوں کو گرفتار کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ گرفتاری پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدوں کا نتیجہ ہے اور دونوں کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔