بیجنگ( سچ نیوز ) پاکستانی حکومت نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا اور دو ٹوک کہہ دیا کہ وہ انہیں واپس پاکستان نہیں لائے گی۔ ایسے میں چینی حکومت نے ان پاکستانیوں سے بڑا وعدہ کر لیا ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق چینی وزیرخارجہ وینگ ژی نے پاکستانی حکومت کو یقین دلایا ہے کہ چین اپنے ہاں پھنسے پاکستانیوں کا اسی طرح خیال رکھے گا جیسے چینی شہریوں کا رکھ رہا ہے۔
پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے وینگ ژی کا کہنا تھا کہ ”چینی حکومت پاکستانی طلبہ کی صحت، حفاظت اور فلاح کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ “ اس یقین دہانی پر شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔“ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے گڑھ ’ووہان‘ شہر میں 500کے لگ بھگ پاکستانی طالب علم موجود ہیں۔ چین میں مجموعی طور پر 28سے 30ہزار پاکستانی ہیں جن میں اکثریت طالب علموں کی ہے۔