’پاکستانی حکومت سے درخواست ہے ہماری تذلیل نہ کی جائے‘ ووہان میں پھنسے پاکستانی نے دل تڑپا دینے والی اپیل جاری کردی

’پاکستانی حکومت سے درخواست ہے ہماری تذلیل نہ کی جائے‘ ووہان میں پھنسے پاکستانی نے دل تڑپا دینے والی اپیل جاری کردی

بیجنگ( سچ نیوز ) چین میں جان لیوا کورونا وائرس پھیلنے کے بعد امریکہ، برطانیہ، بھارت، فرانس اور دیگر لگ بھگ تمام ممالک وہاں سے اپنے شہریوں کو نکال چکے ہیں۔ اس وقت جن چند ممالک کے شہری چین میں پھنسے ہوئے ہیں ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔ وہاں پھنسے پاکستانی سوشل میڈیا پر حکومت پاکستان سے دست بستہ اپیل کر رہے ہیں کہ انہیں واپس پاکستان لایاجائے۔ چین کی ہیوبی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں زیرتعلیم تطہیر حسین نامی پاکستانی طالب علم نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے عرب نیوز کو بتایاہے کہ ”ہم یہاں سانس لینے سے بھی خوفزدہ ہیں۔ ہم حکومت پاکستان سے کہتے ہیں کہ وہ 840ڈالر ہمارے ہاتھوں میں تھما کر ہماری تذلیل نہ کرے۔ ہمیں رقم کی ضرورت ہیں ہے۔ ہم اپنے گھر پہنچنا چاہتے ہیں تاکہ وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔“تطہیر حسین نے ویڈیو میں مزید کہا کہ ”میرے علاوہ اس یونیورسٹی میں 40مزید پاکستانی میڈیکل سٹوڈنٹس ہیں اور ہم اپنے الگ الگ کمروں میں بند ہیں۔ ہماری حکومت نے ہمیں تج دیا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ہمارے اندر یہ احساس گہرا ہوتا چلا جا رہا ہے کہ ہماری حکومت نے ہمارے ساتھ دھوکا کیا ہے۔ہم پاکستان پہنچ کر تنہائی میں وقت گزاریں گے۔ ہم 28دن تک کسی سے نہیں ملیں گے اور ثابت کریں گے کہ ہمارے اندر وائرس نہیں ہے۔ اگر ہم میں سے کسی میں وائرس کی تصدیق ہو جائے تو حکومت بے شک اسے واپس چین بھیج دے لیکن خدارا ہمیں یہاں سے نکالیں۔“واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 260تک جا پہنچی ہے۔ چین میں موجود 4پاکستانی طلبہ میں بھی گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ان طلبہ کی حالت بہتر ہے اور وہ تیزی سے صحت مند ہو رہے ہیں۔

Exit mobile version