تہران (سچ نیوز)ایرانی فوج پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کی حکومت ایران میں انقلاب کے مخالفین اور اسلام کے دشمنوں کو پناہ دیتی ہے۔ اگر پاکستان نے ان کے خلاف کارروائی نہیں کی تو ایران دہشتگردوں کے خلاف بین الاقوامی قوانین کے تحت کارروائی کرے گا۔سیستان بلوچستان میں خود کش حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران پاسداران انقلاب نے کہا کہ سیستان بلوچستان میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے خون کا انتقام لیا جائے گا۔ پاکستان کو دہشتگردوں کی حالیہ کارروائیوں کا جواب دینا ہوگا ۔ اگر پاکستان نے ان کے خلاف کارروائی نہیں کی تو ایران دہشتگردوں کے خلاف بین الاقوامی قوانین کے تحت کارروائی کرے گا۔ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نیوز کے مطابق میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا پاکستان سے توقع کی جاتی ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی اور ایران کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو مضبوط کرنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کرے۔بی بی سی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر نے الزام عائد کیا کہ ’ پاکستان کی حکومت ایران میں انقلاب کے مخالفین اور اسلام کے دشمنوں کو پناہ دیتی ہے‘۔خیال رہے کہ ایران کے صوبے سیستان بلوچستان میں بدھ کے روز پاسداران انقلاب (ایرانی فوج) پر ایک خود کش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 27 اہلکار ہلاک اور 13 زخمی ہوئے تھے۔