پاناما لیکس میں صرف نواز شریف کو سزا دی گئی،باقی افراد کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے،حکومت مہنگائی اور ٹیکسوں میں اضافے کے مشوروں پر کان نہ دھرے:سراج الحق

پاناما لیکس میں صرف نواز شریف کو سزا دی گئی،باقی افراد کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے،حکومت مہنگائی اور ٹیکسوں میں اضافے کے مشوروں پر کان نہ دھرے:سراج الحق

فیصل آباد(سچ نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے چائنا میں بھی سب سے پہلے حکمران جماعت کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا ،پاناما لیکس میں صرف نواز شریف کو سزا دی گئی جبکہ باقی افراد کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے، سابقہ حکومتوں نے آئین پر عمل کرنے اور عوام کو ان کے آئینی حقوق دینے کی بجائے آئین کو اپنے اختیارات میں اضافے کے لیے استعمال کیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق امیرِ جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے  فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہجہاں عوام کے حقوق کی بات ہوتی ہے وہا ں حکومتیں اندھی، بہری اور گونگی بن جاتی ہیں،موجودہ حکومت کی طرف سے ایک کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں دینے اور پچاس لاکھ لوگوں کو چھت مہیاکرنے کا اعلان خوش آئند ہے ،عوام چاہتے ہیں کہ جتنا جلد ممکن ہو ، اس اعلان پر عمل ہوناچاہیے،یہ قوم پر حکمرانوں کا بہت بڑا احسان ہوگا ، ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی طرف نہ جانے اور مزید قرضہ نہ لینے کا حکومتی اعلان بھی قابل ستائش ہے،حکومت نے اگر بجلی گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو عام آدمی پس جائے گا اس لیے حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو ،فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر ، انڈسٹریل شہر اور معاشی حب تھا جسے حکمرانوں کی پالیسیوں نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے،گیس کی بندش اور بدترین لوڈشیڈنگ سے سینکڑوں کارخانے بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں،موجودہ حکومت کو فوری طور پر اس طرف توجہ دینا ہوگی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت کو سابقہ حکومتوں کی طرح عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی بجائے عا م آدمی کو ریلیف دینے کی طرف توجہ دینا ہوگی،غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ کی وجہ سے عوام کا جینا دو بھر ہوگیا تھا ،پی ٹی آئی حکومت کو مہنگائی اور ٹیکسوں میں اضافہ کے مشورے دینے والے مشیروں کے مشوروں پر کان نہیں دھرنا چاہیے اور مہنگائی بے روزگاری اور ٹیکسوں میں کمی کر کے عوا م کے لیے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں،ایسے مشیر حکومت کے دوست نہیں دشمن ہیں،حکومت کو امیروں سے ٹیکس لے کر غریبوں پر خرچ کرنا چاہیے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پانامہ کے دیگر 436 ملزموں کے خلاف سپریم کورٹ میں ہماری پٹیشن موجود ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کو جلد سنا جائے اور قومی دولت چوری کرنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے ،جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف طویل عرصے سے مہم چلا رہی ہے ہماری جدوجہد کا مرکز و محور پاکستان کو کرپشن فری بنانا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی اور ہماری نسلوں کا مستقبل ڈیموں کی تعمیر سے وابستہ ہے ،پانی کے بغیر زندگی کا تصور نہیں کیا جاسکتا،جماعت اسلامی ڈیموں کی تعمیر کی سب سے بڑی حامی ہے،ڈیموں کی تعمیر کے لیے سرمائے کی فراہمی کے مشکل مسئلے کا آسان ترین حل یہ ہے کہ جن لوگو ں نے اربوں کھربوں لوٹے ہیں ان سے پیسہ نکلوا یا جائے ،بیرونی بنکوں میں موجود 375 ارب ڈالر کا خطیر سرمایہ واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ غریب اوورسیز پاکستانی محنت مزدوری کر کے سالانہ بیس ارب ڈالر ملک میں بھیجتے ہیں جسے حکمران لوٹ لیتے ہیں،یہ کرپٹ اور بد دیانت ٹولہ معاشرے کا ناسور ہے جس ملک میں جزا اور سزا کا نظام نہ ہو ، وہ ترقی نہیں کر سکتا ،کرپشن کے خاتمے کے لیے مصلحتوں کو بالائے طاق رکھنا ہوگا۔

Exit mobile version