اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس کے معاملے سے پیچھے ہٹوں گا تو قوم سے غداری ہوگی۔ 700 ارب کی چوری تو صرف ایف بی آر میں ہوتی ہے، شبر زیدی کیساتھ مل کرسب ٹھیک کروں گا۔
وزیراعظم عمران خان کا گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کے مفادات کچھ اور ہیں، جیسے پاکستان کو چلایا جا رہا تھا اب ایسے نہیں چل سکتا۔ تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آپ آج کا دن یاد رکھیں گے کہ کس طرح ہم نے خود کو بدلا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 22 کروڑ لوگوں میں صرف پندرہ لاکھ لوگ ٹیکس دیتے ہیں، ہمیں سب کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے، لوگ تھوڑا تھوڑا ٹیکس بھی دیں تو ہم قرضوں کی دلدل سے نکل سکتے ہیں۔ ہم سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کریں گے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں بھی سمگلنگ کو روکیں گے، سمگلنگ کو نہیں روکیں گے تو انڈسٹری آگے نہیں بڑھ سکتی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹیکس اکٹھا نہیں کریں گے تو ملک کیسے چلے گا؟ اگر کوئی سمجھتا ہے پریشر یا احتجاج کریں گے تو پیچھے نہیں ہٹوں گا۔