نئی دہلی(سچ نیوز) پاکستان میں ٹماٹر کی قیمتیں بڑھیں تو سوشل میڈیا پر بھارتیوں نے پاکستانیوں پر بہت پھبتیاں کسیں، لیکن اب خود بھارتی پاکستانیوں سے بھی بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت میں پیاز کی قیمت آسمان کو چھونے لگی ہے۔ کئی ریاستوں میں پیاز 200بھارتی روپے (تقریباً 438پاکستانی روپے) سے بھی زائد قیمت میں فروخت ہو رہا ہے۔ ابھی بھارتی شہری پیاز کی اس ہوشربا قیمت سے ہی جان نہ چھڑا پائے تھے کہ اب وہاں آلو کی قیمت بھی تیزی سے اوپر جانے لگی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ چند دن میں دارالحکومت نئی دہلی میںآلو کی قیمت میں 75فیصد سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں بھارت میں آلو کی قیمت 18بھارتی روپے(تقریباً 39پاکستانی روپے) فی کلوگرام تھی جو اب بڑھ کر 32بھارتی روپے(تقریباً 70پاکستانی روپے) تک جا پہنچی ہے۔دوسری طرف پیاز کا بحران بھی تاحال جاری ہے جس سے کرناٹک، مغربی بنگال اور دیگر ملحق ریاستیں متاثر ہو رہی ہیں۔بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ آلو اور پیاز کی قیمتوں میں اضافہ رسد میں کمی کے باعث ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں تک نئی کھیپ منڈیوں تک پہنچ جائے گی اور قیمتیں معمول پر آ جائیں گی۔