سیول (سچ نیوز) جنوبی کوریا سے موصول اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے کئی میزائلوں کا تجربہ کیا گیا ہے، جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کا کہنا ہے میزائل تجربے شمالی کوریا کے مشرقی حصے ہوڈو پیننسولا سے کیے گئے ہیں۔یادرہے کہ گزشتہ ماہ پیانگ یانگ نے کہاتھاکہ انہوں نے ’ٹیکٹیکل گائیڈڈ ہتھیاروں ‘ کا تجربہ کیا ہے ۔ بی بی سی کے مطابق میزائل تجربے کی تصدیق ہونے کی صورت میں پیونگ یانگ کی جانب سے نومبر 2017 میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے تجرجے کے بعد یہ پہلا میزائل تجربہ ہوگا جبکہ ویتنام سمٹ میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اور امریکی صدر ٹرمپ کی بلا نتیجہ ملاقات کے بعد یہ پہلا میزائل تجربہ ہے۔ہنوئی میں ہونیوالی ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ کم جونگ کی طرف سے انتہائی بری پیشکش کی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق شارٹ رینج میزائل کا تجربہ شمالی کوریا کے بڑے اور ایٹمی میزائلوں کے تجربے نہ کرنے کے وعدوں کی خلاف ورزی نہیں کرے گا، میزائلوں کو جاپان کے ساحل میں داغا گیا جس نے 70 سے 200 کلو میٹر کے درمیان پرواز کی۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرزکا کہنا ہےکہ شمالی کوریا کے اس اقدام سے آگاہ ہے اور اس طرح کی اہم مانیٹرنگ کو جاری رکھا جائے گا۔