وہ وقت جب ایک معروف ٹی وی کمپئر نے عید کے چاند کے بارے ایسی خبر پی ٹی وی پر چلوا دی کہ پورا ملک غصہ سے لال پیلا ہوگیا

وہ وقت جب ایک معروف ٹی وی کمپئر نے عید کے چاند کے بارے ایسی خبر پی ٹی وی پر چلوا دی کہ پورا ملک غصہ سے لال پیلا ہوگیا

لاہور(سچ نیوز ) عیدین کے موقع پر ٹی وی چینلز سے چاند دیکھے اور نہ دیکھے جانے کی خبروں کو بڑے شوق سے دیکھا اور سنا جاتا ہے ۔چاند کے طلوع پر پوری قوم متجسس ہوئی ہوتی ہے ،اس حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن کے ابتدائی زمانے کے نیوز کاسٹر سید مظفر حسین نے اپنی یادداشتوں میں کئی ایسے دلچسپ واقعات رقم کئے ہیں کہ جب عید کے چاند کے بارے خبریں غلط پڑھ ڈالی گئیں ۔ جس کی وجہ سے عوام پر یہ غلط خبرنہایت گراں گزری ۔انہوں نے اپنی کتاب ’’ عرض و سماع‘‘ میں لکھا ہے کہ کس طرح پی ٹی وی کو ضلعی انتظامیہ بھی کنٹرول کیا کرتی تھی جبکہ ایک بار تو معروف کمپئر طارق عزیز نے غلط اطلاع دیکر عید کے چاندکی خبر چلوا دی تھی اور قوم عید کی تیاریوں میں لگ گئی تھی لیکن کچھ دیر بھی جب درست خبر دی گئی تو پورا لاہور سٹپٹا اٹھا تھا ۔سید مظفرحسین لکھتے ہیں کہ لاہور ٹی وی اسٹیشن قائم ہونے کے بعد پہلی عید آرہی تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹی وی والوں کو مطلع کر دیا تھا کہ جب تک وہ فون نہ کریں اُس وقت تک چاند کے بارے میں کوئی اعلان نہ کیا جائے۔ اسلم اظہر صاحب نے خبریں شروع کرنے سے پہلے مجھے ہدایت دی کہ اگر چاند ہوگیا تو وہ کیمرے کے پاس انگلی سے نصف دائرہ ، یعنی ہلال کی شکل بنا کر مجھے دکھائی گے، میں اُسی وقت چاند ہونے کا اعلان کردوں ۔ ظفر صمدانی صاحب نے مجھے کوئی ہدایت نہیں دی۔ میں خبریں پڑھ ہی رہا تھا کہ اسلم اظہر صاحب نے کیمرے کے پاس آکر اپنی انگلی سے نصف دائرہ بنا دیا اور میں نے اطمینان سے اعلان کردیا ، ’’ آج کا چاند دکھائی دے گیا ہے ، کل عید ہے۔ ‘‘سب سے پہلا فون ڈپٹی کمشنر کا تھا کہ اُن کی اجازت کے بغیر یہ اعلان کیوں ہوا ؟ ابھی تو چاند نظر ہی نہیں آیا۔ اُدھر شہر کے لوگ مٹھائی اور پھلوں کی دکان کی طرف دوڑ پڑے۔ میں خبریں پڑھ کر باہر نکلا تو اسلم اظہر صاحب اُس وقت کی ایک اناؤنسر ماہ رخ نیازی سے کہہ رہے تھے ، ’’ آپ جلد اعلان کر دیجئے کہ آج عید کا چاند نہیں ہوا ، لہذا عید کل نہیں ، بلکہ پرسوں ہوگی۔ ‘‘اس اعلان کے بعد پورے لاہور میں ایک اُلجھن پھیل گئی۔ لوگ سخت پریشان ہوگئے۔ دھڑادھڑ ٹیلیفون آنے لگے ۔ ہوا یوں کہ ٹی وی اسٹیشن کے دروازے کے قریب ریڈیو کے چوکی داروں اور ڈرائیوروں کے کوارٹر تھے ، جہاں اُن کے بچے عید کا چاند دیکھنے کے منتظر تھے۔ دوایک بچوں نے کچھ زبردست پٹاخے چلا دیئے۔ اُس وقت ہمارے دوست اور بھائی طارق عزیز دروازے پر کھڑے تازہ ہو کا لطف اٹھا رہے تھے۔ اُنہوں نے پٹاخوں کی آواز سنی تو سمجھ لیا کہ چاند دیکھنے کی خوشی میں پٹاخے چھوڑے گئے ہیں۔ وہ سیدھا اسلم اظہر کے پاس پہنچے ۔’’ اسلم صاحب ، چاند ہوگیا! ‘‘اسلم صاحب سیدھے میرے سامنے کیمرے کے پاس آئے ، اور اپنی انگلی سے ہلال کی شکل بنا دی ، اور میں نے چاند ہونے کا اعلان کر دیا۔ اس طرح وہ چاند رات لاہور والوں کے لیے نہایت پریشان کن رہی اورپی ٹی وی کی اس سنگین حرکت پر لوگ غصہ سے لال پیلا ہوگئے تھے۔

Exit mobile version