بنکاک (سچ نیوز ) تھائی لینڈ نے 2 اینٹی وائرل ادویات کے مکسچر کے ذریعے کرونا وائرس کے علاج میں خاصی پیشرفت حاصل کرلی ہے، یہ تجربہ ایک چینی مریض پر کیا گیا تھا جو انتہائی تشویشناک حالت میں تھائی لینڈ کے ہسپتال میں زیر علاج تھا۔تھائی لینڈ کی وزارت صحت کے مطابق چینی شہری کی حالت انتہائی تشویشناک تھی جس پر ایک ڈاکٹر نے انہیں ایچ آئی وی اور انفلوئنزا میں استعمال ہونے والی ادویات کا مکسچر استعمال کرایا تو 48 گھنٹوں میں ہی مریض کی حالت بہتر ہوگئی۔
چینی مریض کا علاج کرنے والے راجا وتھی ہسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ ان ادویات کے استعمال سے مریض میں کرونا وائرس مکمل ختم ہوگیا اور اس کی رپورٹ نیگیٹو آئی۔تھائی لینڈ میں کرونا وائرس کے 19 مریض سامنے آئے تھے جن میں سے 8 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 11 مریض ابھی تک زیر علاج ہیں۔ مجموعی طور پر ملک میں 311 مریضوں کو کرونا وائرس کے شبے میں ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔