سکوپے(سچ نیوز) دنیا میں کئی ایسے ملک ہیں جن کا نام پہلے کچھ اور تھا تاہم بعد میں ان کا نام سرکاری طور پر تبدیل کر دیا گیا۔ اب اس فہرست میں مقدونیہ بھی شامل ہو گیا ہے جس کا نام مقدونیہ سے تبدیل کرکے ’جمہوریہ شمالی مقدونیہ‘ (Republic of North Macedonia)رکھ دیا گیا ہے۔ دی گارڈین کے مطابق نام کی تبدیلی کے لیے مقدونیہ کے 120رکنی پارلیمنٹ میں آئینی ترمیمی بل پر رائے شماری ہوئی تاہم اپوزیشن نے اس رائے شماری کا بائیکاٹ کیا۔پارلیمنٹ کے 8آزاد اراکین جو پہلے اپوزیشن کے ساتھ منسلک تھے، انہوں نے نہ صرف رائے شماری میں حصہ لیا بلکہ اس بل کے حق میں ووٹ ڈالا۔بل کے حق میں کل 81ووٹ آئے اور یوں ایوان نے دو تہائی اکثریت سے اس کو منظور کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے نام کی تبدیلی کے معاملے پر سیاستدانوں اور عوام میں شدید تقسیم نظر آئی اور مخالف لوگوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج بھی کیا۔ بل کی منظوری کے روز پارلیمنٹ کے باہر بھی ہزاروں لوگ جمع ہوئے اور احتجاج کرتے رہے۔