واشنگٹن( سچ نیوز) دنیا کی سب سے بڑی طیاہ ساز کمپنی بوئنگ کی انتظامیہ نے اپنی ساکھ بحال کرنے کیلئے اپنے باس کو بر طر ف کر دیا۔ امریکی ریاست ایلی نوائے کے صدر مقام شکاگو میں کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز میں اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ایک غیر معمولی ہنگا می اجلاس ہوا جس میں ڈرامائی فیصلہ کیا گیا کہ کمپنی کے تیار کردہ طیاروں میں نقائص پیدا ہونے کی اطلاعات سے کمپنی کی ساکھ، اعتماد اور کا ر وبار کو جو نقصان پہنچا ہے اس کی تلافی کیلئے اس کے چیف ایگزیکٹو ڈینس میولن برگ کو ان کے عہدے سے ہٹانا ضروری ہے جنہوں نے پہلے ہی اس نقصان کی ذمہ داری قبول کر رکھی ہے۔
کمپنی کے تیار کردہ اور سب سے زیادہ فروخت ہونیوالے بوئنگ 737 کے یکے بعد دیگرے دو انتہائی مہلک حادثے ہوئے جس کے بعد تمام جیٹ طیاروں کو مارچ کے مہینے سے گرائونڈ کر دیا گیا تھا۔ اب انتظامی بورڈ کے فیصلے کے مطا بق چیئرمین ڈیوڈ کلہون 13 جنوری سے چیف ایگزیکٹو کا بھی عہدہ سنبھال لیں گے۔ بوئنگ کمپنی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ حادثے کا شکار ہونیوالے مخصوص طیارے کی تیاری بند رہے گی اور اس طیارے کی سیفٹی کا سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد تیاری دوبارہ شروع ہو گی۔
یاد رہے انڈونیشیا اور ایتھوپیا میں ہونیوالے حادثوں کے بعد فضائی سیفٹی حکام نے تحقیقات کے بعد بتایا تھا بوئنگ 737 کے آٹو میٹڈ کنٹر و ل سسٹم میں نقص پایا گیا تھا۔