ممبئی (سچ نیوز) بی بی سی کے مطابق راجش کھنہ پر کتاب لکھنے والے یاسر عثمان کا کہنا ہے کہ ’ان (راجیش کھنہ) کی سفید رنگ کی گاڑی لڑکیوں کی لپسٹک سے لال ہو جاتی تھی اور ان کی گاڑی کی دھول سے لڑکیاں اپنی مانگ بھر لیا کرتی تھیں، یہ سنے سنائے نہیں بلکہ سچے واقعات ہیں،راجیش کھنہ اصل معنی میں انڈین فلم انڈسٹری کے پہلے سپر سٹار تھے۔‘اپنے بالوں کے سٹائل، بڑے کالر والی شرٹ اور پلکوں کو جھکا کر نگاہوں سے تیر چھوڑنے کی ادا سے انھوں نے فلموں کے مداحوں کا دل جیت لیا تھا۔روزنامہ جنگ کے مطابق راجیش کھنہ کی زندگی کے بارے میں ’دی انٹولڈ سٹوری آف انڈیاز فرسٹ سپر اسٹار‘ کتاب لکھنے والے یاسر عثمان نے ایک بار ایک بنگالی خاتون سے پوچھا کہ راجیش کھنہ ان کے لیے کیا اہمیت رکھتے ہیں۔ یاسر کے بقول اس خاتون نے کہا کہ ’آپ نہیں سمجھیں گے، جب ہم ان کی فلم دیکھتے ہیں تو یہ ویسا ہی ہوتا ہے جیسے ہم ان کے ساتھ ملاقات کر رہے ہوں، ہم فلم دیکھنے کے لیے میک اپ کر کے، بیوٹی پارلر جا کر اور اچھے کپڑے پہن کر جاتی تھیں۔