نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی ریاست گجرات میں گزشتہ دنوں ایک ایسی انوکھی شادی دیکھنے کو ملی جس میں دولہا کو بینڈ، باجا اور بارات تو مل گئی لیکن دلہن نہیں ملی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شادی کی یہ تقریب 10مئی کو گجرات کے چیمپلانر نامی گاﺅں میں ہوئی۔ حقیقت کچھ یوں ہے کہ دولہا ذہنی و جسمانی طور پر معذور تھا اور اس کی شادی کبھی نہیں ہو سکتی تھی چنانچہ اس کے ماں باپ نے اپنے چاﺅ پورے کرنے کے لیے دلہن کے بغیر ہی اس کی شادی کا انتظام کر ڈالا۔رپورٹ کے مطابق دولہے کا نام اجے تھا، جسے زرق برق لباس پہنایا گیا، بینڈ باجے والے بلائے گئے اور ایک سجی سجائی گھوڑی بھی لائی گئی۔ دولہے کے رشتہ دار اسے کندھوں پر اٹھا کر ڈانس کرتے رہے۔ غرض وہ سب کچھ ہوا جو کسی شادی میں ہو سکتا ہے۔ بس ایک دلہن نہیں تھی۔ اس بارات میں 200کے قریب لوگ شریک تھے اور اگلے روز 800لوگوں کے لیے دعوت ولیمہ کا بھی پرتعیش انتظام کیا گیا۔