کولمبو(سچ نیوز) سری لنکا میں گزشتہ دنوں ہونے والی دہشت گردی کی ہولناک کارروائی کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار کر مشتبہ افراد کو گرفتار کر رہی ہے۔ گزشتہ روز پولیس نے اطلاع ملنے پر ایک گھرپر چھاپہ مارا تو اندر موجود ایک لڑکی نے اپنے دو بچوں سمیت خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ میل آن لائن کے مطابق سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ یہ گھر دو خودکش حملہ آوروں کا تھا جنہوں نے دارالحکومت کولمبو میں کارروائی کی اور خود کو دھماکے سے اڑانے والے یہ لڑکی ان دونوں بھائیوں میں سے ایک کی بیوی تھی۔ جب پولیس گھر پر پہنچی تو اس نے اپنے دو کم عمر بچوں سمیت خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔اس لڑکی کا نام فاطمہ تھا جو حملہ آور الہام ابراہیم کی بیوی تھی۔رپورٹ کے مطابق لڑکی کے اس خود کش بم دھماکے میں تین پولیس کمانڈو بھی مارے گئے۔ الہام ابراہیم کے دوسرے بھائی کا نام انشف تھا۔ ان دونوں کی عمریں 25سے 30سال کے لگ بھگ تھیں۔ وہ سری لنکا میں اپنا ’فیملی سیل‘ چلا رہے تھے۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان دونوں کے والدین کون ہیں اور کہاں رہتے ہیں۔حکام کے مطابق ان دونوں بھائیوں نے کولمبو کے شنگری لا اور سینامن گرانڈ ہوٹلوں میں خود کش دھماکے کیے تھے۔ ان میں سے ایک بھائی نے ہوٹل میں کمرہ لیتے وقت جعلی شناخت دی تھی تاہم ایک نے اصلی شناخت کے ساتھ کمرہ لیا تھا۔ اسی حملہ آور کی ہوٹل میں فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر اس کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔