ممبئی ( سچ نیوز ) لوئر کلاس کے گھرانوں سے اکثر گھریلو تشدد کی خبریں آتی رہتی ہیں لیکن یہ ذہنیت بالی ووڈ کے کچھ لوگوں میں بھی پائی جاتی ہے جس کی بڑی مثال اداکارہ فلورا سینی پر ہونے والا تشدد ہے۔
فلم ’ستری‘ میں بھوت کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ فلورا سینی نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہیں 2006-7 کے دوران گھریلو تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب اداکارہ فلم پروڈیوسر گورنگ دوشی کے ساتھ لِو اِن ریلیشن میں رہ رہی تھیں۔ ’ میں نے گورنگ دوشی کا گھر ایک ٹوٹے ہوئے جبڑے کے ساتھ چھوڑا تھا تاکہ میں اپنی زندگی بچا سکوں، اس کے ساتھ ہی میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں اس کو عدالت لے کر جاﺅں گی اور اس نے مجھے جو ذہنی اور جسمانی جو نقصان پہنچایا تھا اس کی سزا دلواﺅں گی‘۔
اداکارہ کے مطابق جب انہوں نے اپنے بوائے فرینڈ کے خلاف عدالت جانے کی بات کہی تو اس نے دھمکی دی کہ اس عمل کے بعد مجھے کام ملنا بند ہوجائے گا، ’ اس نے جو کہا میرے ساتھ وہی ہوا، مجھے کام ملنا بند ہوگیا تھا لیکن پھر کچھ عرصے بعد چیزیں بہتر ہوئیں اور مجھے کام ملنے لگا، ستری فلم میرے لیے گیم چینجر ثابت ہوئی ‘۔
فلورا نے بتایا کہ وہ اب بھی انصاف کیلئے لڑائی لڑ رہی ہیں، می ٹو مہم نے کافی کچھ بدل دیا ہے’ جو معذرت مجھے اس آدمی سے کبھی نہیں ملی ، وہ مجھے کئی دوسرے لوگوں سے ملی ، جنہیں میرے اس واقعہ کے بارے میں جان کر افسوس ہوا‘۔