اسلام آباد : (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں چھ اہم صنعتوں کو گیس سپلائی بحال کرنے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں گلگت بلتستان کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہو سکا۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ترجمان وزیراعظم افتخار درانی نے بتایا کہ کابینہ کے اب تک ہونے والے پندرہ اجلاسوں کے بیشتر فیصلوں پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔
وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت نے غربت کے خاتمے کے لئے بڑا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مالی خسارے میں 7 ارب ڈالرز تک کمی لانے کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ نے 6 اہم صنعتوں کو گیس سپلائی بحال کرنے، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی کے تقرر، کینیڈا کے ساتھ انسداد منشیات فورس کے معاہدے، لا اینڈ جسٹس کمیشن کے ممبران کے تقرر، کابینہ کی دستاویزات کی رازداری سے متعلق اقدامات اور عالمی انسداد کرپشن دن کے موقع پر 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔