اسلام آباد: (سچ نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر آباد کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ‘’نیو بلیو ایریا’’ منصوبے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں نیو بلیو ایریا منصوبہ کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے لیے ایف 9 پارک کے بالمقابل منصوبے کے لئے 170 کنال اراضی مختص کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ کمرشل سپیس دگنی کر دی جائے گی۔ جدید تعمیرات پر مبنی کمرشل سٹی عالمی طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔
منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب روپے ملیں گے۔ حکومت آمدنی کا کچھ حصہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں استعمال کرے گی۔
رقم بے گھر اور غریب افراد کے لئے سستے گھروں کی تعمیر پر خرچ ہو گی۔ دارالحکومت میں معاشی سرگرمیوں کو نمایاں فروغ ملے گا۔ شہر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی بہتر کیا جائیگا۔ نئے کمرشل شہر سے روزگار اور تعمیراتی انڈسٹری کو فروغ دیا جائے گا۔