اسلام آباد (سچ نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بنائی گئی ٹاسک فورسز کے ارکان کوکسی قسم کامعاوضہ نہیں دیا جارہا، حکومت کفایت شعاری کرکے 8سے 10ارب روپے کی بچت کرلے گی ۔سماءنیوز کے پروگرام ”آواز “ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ہم کفایت شعاری کرکے سے 8سے دس ارب کی بچت کرلیں گے ۔مسلم لیگ ن کے دور میں قرضہ تین گنا بڑھاہے، کفایت شعاری کرنے سے عوام کو ایک مثبت پیغام جاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا سی پیک کو متنازعہ بنانا چاہتاہے ۔ فنانشل ٹائم نے رپورٹ سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے15دن میں 15ٹاسک فورسز بنائی ہیں اور ایک دن میں 15لاکھ پودے لگائے ہیں، تین ہفتے میں 22سو کروڑ کا منصوبہ مکمل نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی پالیسی کے حوالے سے وزیر خزانہ اگلے ہفتے بتائیں گے ۔بڑے ایشوز حکومت کی نظر میں ہیں لیکن پالیسی بنانے کیلئے کچھ وقت درکار ہوتاہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاﺅس اگر پاکستان کے عوام کاہے تو اس پر کیاپاکستان کے بچوں کاحق نہیں ہے ؟ وزیر اعظم ہاﺅس کی بیک سائیڈ پر انٹری بری امام سے ہے اور اس کا ریڈ زون سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورسز کو بڑے مخصوص ٹاسک دیئے گئے ہیں اور یہ ایڈ وائزری کردار ادا کریں گی۔اس وقت ٹاسک فورسز میں شامل کسی بھی شخص کو کوئی معاوضہ نہیں دیا جارہا ۔