واشنگٹن (سچ نیوز) ایک ایسے وقت میں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاﺅس میں ملاقات کر رہے ہیں ، امریکہ کی جانب سے چین پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔اے ایف پی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے چینی آئل امپورٹر کو ایرانی کروڈ کیلئے بلیک لسٹ کردیا ہے۔ ’ زیادہ سے زیادہ دباﺅ بنانے کی مہم کے تحت میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ امریکہ چینی کمپنی زوہائی ژیرونگ اور اس کے چیف ایگزیکٹو یومین لی پر پابندیاں عائد کر رہا ہے کیونکہ انہوں نے ایران سے کروڈ آئل خرید کر امریکی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔‘امریکہ کی جانب سے یہ اقدام تہران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران دباﺅ بڑھانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ ایران کو دباﺅ میں لانے کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے۔ ہم یہ قطعی برداشت نہیں کریں گے کہ آیت اللہ کو پیسہ جائے جس سے وہ امریکی فوجیوں، نیوی و فضائی اہلکاروں کی زندگیاں داﺅ پر لگادے۔خیال رہے کہ چین کی جانب سے ایران سے جتنا بھی کروڈ آئل خریدا جاتا ہے وہ زوہائی ژیرونگ کمپنی سرکاری ریفائنری سائنو پیک کے ساتھ مل کر درآمد کرتی ہے۔ کاروباری جریدے بلومبرگ کے مطابق چین نے رواں سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ایران سے 12 ملین ٹن کروڈ آئل خریدا ہے۔