ریاض: (سچ نیوز ) وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی جس میں میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ملاقات میں میں دو طرفہ تعلقات میں اضافہ، باہمی دلچسپی کے امور، تجارت اور سرمایہ کاری پر بھی گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی ، اسدعمر، فواد چودھری، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر مملکت ہارون شریف بھی ملاقات میں شریک ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم نے سعودی عرب عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرپشن نے ملک کو غربت سے دوچار کر دیا، منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، حکمران کرپٹ ہوں تو اداروں کو تباہ کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا نائن الیون کے بعد ہمیں دہشتگردی کا سامنا رہا، پاکستان نے دہشتگردی پر قابو پایا، افغانستان سے دہشتگردی کا خطرہ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا پاکستان میں تانبے سمیت دیگر معدنیات اور گیس کے ذخائر ہیں، بد قسمتی سے بھارت کی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ نہیں دی، ماضی میں منظور نظر افراد کو اداروں کا سربراہ لگایا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو مدعو کریں گے، سرمایہ کاروں کے لیے مواقع پیدا کر رہے ہیں، سی پیک کے تحت گوادر کو تعمیر کر رہے ہیں، چین نے 30 سال میں اپنے لوگوں کو غربت سے نکالا۔ انہوں نے کہا پاکستان کو کرنٹ خسارے کا سامنا ہے، 5 سے 6 ماہ مشکلات کا سامنا رہے گا، اداروں کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہمیں تجارتی اور بجٹ کا خسارہ ورثے میں ملا۔ ان کا کہنا تھا پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے، بھارت اور چین میں تارکین وطن نے سرمایہ کاری کی، ہم نے 50 لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔