اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عوام کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار ملک بھر تک پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اب تک صحت انصاف کارڈز کے اجرا اور نتائج کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ وزیراعظم آفس کے مطابق انضمام شدہ قبائلی علاقوں میں صحت کارڈ کی فراہمی کا سو فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔
سابقہ فاٹا میں شہری اپنے شناختی کارڈ کو بطور صحت انصاف کارڈ استعمال کر رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے 62 فیصد افراد کو مفت علاج معالجے کی سہولت مل چکی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فروری 2020ء تک پورے صوبے میں 100 فیصد تک مفت علاج کی سہولت فراہم ہوگی۔ وزیراعظم نے 2020ء میں ملک بھر میں مستحق افراد تک صحت کارڈ پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
صحت کارڈ رکھنے والا ہر شہری 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا مفت علاج کروا سکتا ہے۔ سرکاری ہسپتال کے علاوہ بڑے پرائیویٹ ہسپتال میں بھی مفت علاج کی سہولت ہو گی۔