اسلام آباد: (سچ نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک سال مکمل کر لیا ہے، خوشی کی بات ہے کہ اس ایک سال کے دوران حکومت کا کوئی بڑا سکینڈل سامنے نہیں آیا جو ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہدری بھی حکومت کی کامیابی ہے۔ دوسرا سال یقینی طور پر بہتر ہو گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے سینسر شپ کا معاملہ اُٹھایا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا یہ بالکل غلط بات ہے جس نے ایسا کیا وہ غلط کیا ہے۔ ہمیں بھی پتہ ہے سینسر شپ کا نقصان ہوتا ہے لیکن لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ریلی روکنے، سیاسی مقدمات درج کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ عمران خان نے کہا ہم سیاست دان ہے، کسی بھی صورت میں ریلیاں، جلوسوں کو نہیں روکنا چاہیے۔ خان صاحب کی پالیسی پروڈیموکریسی ہے۔ حکومت کی سمت صیح ہے، حالات بہتر ہوں گے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی خواہش اپنے کیسزحل کرانا ہے ریفارمز نہیں۔ یہ سب اپنے کیسز سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ نوازشریف، زرداری نے بیرون ملک دوروں پر اربوں روپے لگائے، دوروں میں کیے جانے والے اضافی اخراجات وصول کریں گے۔ اضافی اخراجات کے حوالے سے نوٹسز دیئے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر ممنون حسین نے 85 دورے کیے، وزارت اطلاعات کچھ دیربعد معلومات جاری کردے گی۔ ہم نے اخراجات کم کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔