لاہور (سچ نیوز) ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے اپنی حکومت پر ہونے والی تنقید پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت ’یوٹرن‘ حکومت نہیں ہے البتہ کبھی کبھار حکومت کو جب محسوس ہو کہ وہ غلط راستے پر ہے تو فیصلے تبدیل کرنا ضروری ہوتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے صدارتی کونسل سے خطاب کے دوران نیشنل ہائیر ایجوکیشن فنڈ کارپوریشن کے قرض گیروں کی قرضہ واپسی کے نئے نظام کے نفاذ میں تاخیر کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کہ ہم مکمل لوگ نہیں ہیں، اگرچہ ہم میں سے بہت سے فرشتے ہیں مگر فرشتے بھی غلطیاں کرتے ہیں اور جب وہ غلطی کرتے ہیں تو احساس ہونے پر اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سکیم کے نفاذ میں تاخیر احتجاج کے باعث ہوئی کیونکہ بہت سے لوگ اس سے مطمئن نہیں ہیں، ہماری آبادی 3 کروڑ 30 لاکھ ہے اور جب لوگ منفی ردعمل دیتے ہیں تو بہت مشکل ہوتی ہے۔ ہم لوگوں کی تجاویز پر غور کر رہے ہیں اور ان کے مطابق کچھ تبدیلیوں کے بعد اس سکیم سے متعلق نیا اعلان کیا جائے گا۔