جنیوا(سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بھارتی مسلمانوں پر پاکستان کے دروازے بند کر دیئے۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والے گلوبل فورم آن ریفیوجیز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرکے اور اب بھارتی شہریت کا متنازعہ ترمیمی بل منظور کرکے ایسی غلطی کی ہے جس کے باعث بہت بڑا انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔ مودی سرکار کے ان اقدامات کی وجہ سے بھارتی مسلمان بھارت سے جان بچا کر بھاگنے اور پاکستان پہنچنے کی کوشش کریں گے۔
روسی خبررساں ادارے سپوتنک کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کا یہ اقدام دو ایٹمی ملکوں کے درمیان جنگ کا سبب بھی بن سکتا ہے۔انہوں نے دیگر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریںاور بھارت کو ایسے اقدام سے روک کر نیا پناہ گزینوں کا بحران پیدا ہونے سے بچائیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کے باعث وہاں سے مسلمان پاکستان آنے کی کوشش کریں گے لیکن پاکستان مزید پناہ گزینوں کو جگہ نہیں دے گا۔