اسلام آباد(سچ نیوز)پاکستانی حکومت نے 18 عالمی این جی اوز اور غیر سرکاری ترقیاتی تنظیوں کو ملک سے فوری نکل جانے کا حکم دے دیا،’’ایکشن ایڈ ‘‘ نامی این جی او کا دعویٰ۔تفصیلات کے مطابق جرمن خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے’’ایکشن ایڈ ‘‘ نامی غیر ملکی این جی او کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نے جن این جی اوز کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے ان میں زیادہ تر وہ غیر سرکاری تنظیمیں ہیں جو انسانی حقوق اور اس سے متعلقہ موضوعات پر کام کرتی ہیں ۔تعلیم کے پھیلاؤ، غربت کے خاتمے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم ’’ایکشن ایڈ‘‘ کے پاکستانی ڈائریکٹر عبد الخالق کا کہنا تھا کہ انہیںپاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے جانے والے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنی سرگرمیاں فوری بند کر دے اور اس کے تمام غیر ملکی کارکن پاکستان سے رخصت ہو جائیں۔عبد الخالق کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے اس نوٹس کے بھیجے جانے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی ،حکومت کا یہ اقدام انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں اور سول سوسائٹی پر ایک حملہ ہے۔عبد الخالق نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزارت داخلہ کے اہلکار نے بتایا ہے کہ وہ تمام 18 غیر ملکی این جی اوز، جنہوں نے حکومت کے گزشتہ فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی تھیں، ان سب کی اپیلیں مسترد کر دی گئی ہیں جبکہ انہیں دوبارہ اپیل کرنے کا بھی کوئی حق نہیں دیا گیا ۔