ورلڈ کپ: بھارت نے سری لنکا کو بآسانی شکست دیدی

لیڈز: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 44 ویں میچ کے دوران بھارت نے بآسانی سری لنکا کو شکست دیدی۔ پورے میچ میں لنکن باؤلنگ بے بسی کی تصویر بنی رہی۔ روہت شرما نے میگا ایونٹ کے دوران پانچویں سنچری داغ دی، راہول بھی تھری فیگر اننگز میں کھیلنے کامیاب رہے۔ 265 رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے باآسانی 44 ویں اوورز میں مکمل کر لیا۔ اس سے قبل سری لنکن ٹیم میتھیوز کے 113 رنز کی بدولت 264 رنز بنا سکی۔ بمرا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ روہت شرما ایک مرتبہ پھر مرد میدان قرار پائے۔

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں

بھارتی اننگز۔۔۔۔
بھارت کی اننگز کا آغاز روہت شرما اور کے ایل راہول نے کیا، دونوں نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ دونوں بیٹسمین نے 189 رنز کی شراکت داری بنائی۔ پہلا نقصان اوپنر روہت شرما کی صورت میں اٹھانا پڑا جو میگا ایونٹ کے دوران پانچویں تھری فیگر اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے اور 94 گیندوں پر 103 رنز بنا کر راجیتھا کا شکار بن گئے۔

اس دوران لوکیش راہول نے بھی شاندار سنچری کھیلی اور ون ڈے کیریئر میں دوسری تھری فیگر اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اس اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا اور 111بیٹسمین رنز بنا کر مالینگا کی گیند پر پریرا کو کیچ دے بیٹھے جبکہ رشب پانٹھ بھی مالینگا کا نشانہ بن گئے۔ لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے 4 سکور کی باری کھیلی۔ ویرات کوہلی 31 جبکہ پانڈیا ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارتی ٹیم نے ہدف 44 اوورز کی تیسری گیند میں حاصل کر لیا۔ مالینگا، راجیتھا اور اوڈانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن اننگز۔۔۔۔۔۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے کوہلی الیون کیخلاف 264 رنز بنائے۔ لنکن ٹائیگر کا آغاز اچھا نہ تھا۔ 17 کے مجموعی سکور پر کپتان کروراتنے بمرا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 10 سکور بنائے۔ پریرا کو بھی بمرا نے آؤٹ کیا۔ لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے 18 رنز کی باری کھیلی۔

مینڈس تین رنز بنا کر جڈیجا کا شکار بن گئے، فرنینڈو نے 20 سکور بنائے اور پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔ اس دوران سابق کپتان اینجلو میتھیوز اور تھریمانے نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔ تھریمانے 53 سکور بنا سکےانہوں نے کلدیپ یادیو کی گیند پر جڈیجا کوکیچ دیدیا جبکہ کپتان اینجلو میتھیوز نے 113 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے 10 چوکے اور دو چھکے لگائے اور فاسٹ باؤلر بمرا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ ڈی سلوا نے 29 کی باری کھیلی۔

سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 264 رنز بنائے۔ جسپریت بمرا نے شاندار باؤلنگ کی اور تین شکار کیے، کلدیپ یادیو، جڈیجا، پانڈیا اور بھونیشور کمار کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

Exit mobile version